مسجد نبویؐ: زائرین کی سہولیت کیلئے 10 ہزار معتکفین کی علیحدہ جگہ مختص

Last Updated On 28 May,2018 01:12 pm

مدینہ منورہ : (ویب ڈیسک) گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد نبویؐ میں معتکفین کیلیے مختص جگہوں کا دورہ کیا جب کہ مسجد نبویؐ کی چھت پر 10 ہزار معتکفین کیلیے جگہ مختص کی گئی۔

گورنر مدینہ منورہ نے مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور متعکفین کو تمام سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایت جاری کی، دورے کے آخر میں شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہا کہ مسجد نبویؐ میں اعتکاف کرنے والوں کیلیے نئی جگہ مختص کرنے سے کئی منفی پہلوؤں کا خاتمہ ہو گا۔

اس سے قبل معتکفین اپنا سامان مسجد نبویؐ میں لے جاتے تھے، غیر منظم طریقے سے سامان رکھا جاتا تھا، جہاں جگہ ملتی وہاں سو جاتے تھے، اس سے زائرین مسجد نبویؐ کو مشکل پیش آتی تھی، تمام مشکلات پر قابو پانے کیلئے مسجد نبویؐ کی چھت کا ایک حصہ معتکفین کیلئے مختص کر دیا گیا جہاں ان کی ضروریات کے مطابق سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔