لاہور: (دنیا نیوز) تارکین وطن کی خاطر، جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے ایک بار پھر اپنے اقتدار کو خطرے میں ڈال دیا، اتحادی جماعت سی ایس یو کے سربراہ اور وزیر داخلہ ہورسٹ سیہوفرنے مستعفیٰ ہونے کی دھمکی دے دی۔ سیہوفر مستعفیٰ ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ اینجلا مرکل سے ملاقات کے بعد کریں گے۔
جرمن چانسلر اینجلا مرکل کا اقتدار ایک بار پھر خطرے میں پڑ گیا، تارکین وطن سے متعلق پالیسی پر اتحادی جماعت سے اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ سی ایس یو پارٹی کے سربراہ اور وزیر داخلہ ہورسٹ سیہوفر نے وزارت سے مستعفیٰ ہونے کی دھمکی دے دی۔
پارٹی اجلاس کے دوران سیہوفر کا کہنا تھا کہ وہ تارکین وطن کے مسئلے پر اینجلا مرکل سے متفق نہیں ہیں، پارٹی اجازت دے تو وہ پارٹی عہدہ اور وزار دونوں چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔ پارٹی رہنماؤں نے سیہوفر کو حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے آخری بار اینجلا مرکل سے ملنے کا مشورہ دے دیا۔ یاد رہے کہ سیہوفر تارکین وطن اور مسلمانوں کے شدید مخالف ہیں، وہ اسلام اور مسلمانوں کو جرمنی کا حصہ نہیں مانتے۔