ہیکنگ کے الزام پر روس کے خلاف امریکا اور برطانیہ کا اتحاد

Last Updated On 04 October,2018 10:18 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ ، یورپ اور امریکا روس کے خلاف یک زبان ہوگئے۔امریکی وزارت انصاف نے سات روسی فوجی افسران پر ہیکنگ کا الزام عائد کر دیا، روسی ایجنسی جی آر یو پر شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات کرنے والی کمپنی پر سائبر حملوں کا الزام لگایا گیا ہے۔

امریکی وزارت انصاف نے روسی خفیہ ایجنسی جی آر یو کے سات اہلکاروں پر ہیکنگ کے الزامات عائد کر دیے، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جی آر یو کے اہلکاروں نے انٹرنیشنل ڈوپنگ ایجنسی کے ٹیسٹ رزلٹ تبدیل کرکے روسی ایتھلیٹس کو بچانے کی کوشش کی۔ ان میں سے تین افراد وہ ہیں جن پر برطانیہ میں سابق روسی جاسوس کو زہر دینے کا الزام بھی ہے۔

امریکی حکام نے پنسلوانیا میں ایٹمی توانائی کی ایک کمپنی پر بھی سائبر حملے کا الزام لگایا ہے، یہ کمپنی شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات کر رہی تھی۔

اس سے قبل رواں برس جولائی میں امریکی اسپیشل کونسل رابرٹ ملر نے بارہ جی آریو افسران پر ڈیموکریٹس حکام کی ای میلز ہیک کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔