ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کےخلاف نئی پالیسی کی منظوری دے دی

Last Updated On 05 October,2018 09:43 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف نئی پالیسی کی منظوری دے دی۔ نئی حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کا پیچھا ان کے ذرائع تک کیا جائے گا۔ انسداد ہشت گردی کیلئے شراکت دار ممالک سے تعاون بھی بڑھایا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق شدت پسندی امریکا کیلئے سب سے بڑ ا خطرہ ہے۔ نئی حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کے ذرائع نشانہ بنائے جائیں گے۔ امریکی قومی سلامتی امور کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے یہ نظریات کی جنگ ہے، کسی ایک تنظیم کی بجائے ہر سطح پر توجہ دی جائے گی۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شریک اتحادی ممالک کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے جبکہ امریکی اداروں کو انسداد دہشت گردی کے نئے آلات سے مسلح کیا جائے گا۔ نئی انسدادِ دہشتگردی پالیسی پر امریکی صدر ٹرمپ نے دستخط کر دیئے ہیں جس کے مطابق اسلامی شدت پسندی امریکا کے لئے اندر اور باہر سب سے بڑا خطرہ ہے۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بھی کہا ہے کہ القاعدہ، داعش اور ایران کی پشت پناہی کرنےوالے دہشت گرد امریکا کو نشانہ بنا رہے ہیں، دہشت گردوں اور ان کے حامی نیٹ ورکس کےخلاف تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے۔