سعودی عرب نے جمال خشوگی کے قتل کی تردید کر دی

Last Updated On 09 October,2018 09:26 am

نیویارک (دنیا نیوز ) امریکا کی سعودی عرب کو دھمکی، رپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر لنزی گریم نے سعودی نژاد امریکی شہری اور صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس معاملے میں سعودی عرب کا ہاتھ ہوا تو اسے بھاری قیمت چکانا ہو گی۔

امریکا اور سعودی عرب میں لفظی جنگ میں تیزی آگئی ہے، سعودی نژاد امریکی شہری اور صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی پر امریکی سینیٹر لنزی گریم کا کہنا ہے اگر اس معاملے میں سعودی عرب کا ہاتھ ہوا تو یہ امریکا سعودی عرب تعلقات کے لیے تباہ کن ہو گا اور اس کی معاشی اور دوسری بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

امریکی چئیرمین سینیٹ کمیٹی برائے خارجہ امور باب کورکر نے بھی ٹوئٹ کی ہے کہ صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی کا معاملہ سعودی سفیر سے اٹھایا ہے، مزید معلومات کا انتظار ہے، صحافی کو ٹارگٹ کیاگیا توبھرپور ردعمل ہوگا۔ جمال خشوگی منگل کو ایک ترک خاتون خدیجہ چنگیز سے شادی سے پہلے چند دستاویزات حاصل کرنے استنبول میں سعودی قونصل خانے گئے تھے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے سعودی لاپتہ سعودی صحافی کے قونصلیٹ چھوڑنے کے شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر جمال خشوگی کے قریبی حلقوں اور دوستوں کے علاوہ بعض مغربی میڈیا نے بھی ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ جمال خشوگی کو قتل کر دیا گیا ہے تاہم سعودی حکام نے ایسے کسی بھی واقعے کی تردید کی ہے۔