اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب کی جیل میں قید پاکستانی شہری کے والد نے داد رسی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
شہری نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ کفیل نے فیس لینے کے باوجود اقامہ کی تجدید نہیں کروائی، ان کا بیٹا ایک عربی کفیل کی غلطی کی سزا بھگت رہا ہے، چیف جسٹس نوٹس لیں۔
پاکستانی شہری ظہیر نواز کے والد نے سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل میں درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ان کا بیٹا پانچ ماہ سے بے گناہی کے باوجود سعودی جیل میں قید ہے۔ عربی کفیل نے فیس لینے کے باوجود اس کے اقامہ کی تجدید نہیں کروائی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ظہیر نواز ایک عربی کفیل کی غلطی کی سزا بھگت رہا ہے، وہ تین سال سے ایک ٹیکسی کمپنی میں گاڑی چلاتا رہا ہے۔ چیف جسٹس معاملے کا نوٹس لیں اور مدد کریں۔