فلوریڈا :طوفان مائیکل سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی

Last Updated On 12 October,2018 09:31 am

فلوریڈا (دنیا نیوز ) امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان مائیکل کے باعث ہلاکتوں کی تعداد سات ہوگئی، فلوریڈا کی ساحلی آبادی پر ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، چڑیا گھر کو بھی طوفان سے نقصان پہنچا۔


امریکا میں سمندری طوفان مائیکل کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی فلوریڈا میں ہوئی جہاں شمال مغربی ساحلی علاقے پر ہر جانب تباہی کے مناظر ہیں، دو سو پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں نے راستے میں آنے والی ہر شے کو اڑا کر رکھ دیا، سڑکیں ٹوٹ گئیں، جارجیا اور فلوریڈا کا خوبصورت ساحل اجاڑ بستی کا منظر پیش کر رہا ہے۔

فلوریڈا کے چڑیا گھر میں جانوروں کے پنجروں کو بھی نقصان پہنچا، کئی درخت گر گئے، فلوریڈا کے گورنر رک سکوٹ نے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، طوفان سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے، نو لاکھ گھروں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔

فلوریڈا کے حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث متاثرہ 6 ہزار 700 افراد نے 54 شیلٹرز میں پناہ لی ہے، ورجینیا اور کیرولائنا میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔ فلوریڈا، الباما، کیرولیناز اور جارجیا میں ایمرجنسی نافذ ہے۔