لاہور: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یا ہو نے کہا ہے کہ ہم اپنی فوج کو شام میں ایرانی فوج پر کاری ضرب لگانے کے لئے متحرک کر رہے ہیں، ایران کا وجود اسرائیل کے لئے ناقابل برداشت اور سب سے بڑا خطرہ ہے ، ایران کو نکیل ڈالنا اشد ضروری ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ایک بار پھر شام میں ایرانی فورسز کے خلاف بھرپور کارروائی کی دھمکی دی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ان دنوں وہ ایک بار پھر اپنی فوج کو شام میں ایران کے خلاف کارروائی کیلئے متحرک کر رہے ہیں۔ نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ شام میں ایران کا وجود ہمارے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے ۔کنیسٹ کے اجلاس سے خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف شام میں ایران کو نکیل ڈالنا ہے جو اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کررہا ہے ۔ایرانی خطرے سے نمٹنے کے لیے صرف زبانی دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ نیتن یاہو نے توقع ظاہر کی ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے امریکا اسرائیل کی بھرپور مدد کرے گا۔