افغانستان میں پارلیمانی انتخابات، پولنگ جاری، سکیورٹی انتظامات سخت

Last Updated On 20 October,2018 10:41 am

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا، پولنگ اسٹیشن پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

افغانستان میں سخت سیکورٹی میں پارلیمانی انتخابات کےلیے ووٹنگ جاری ہے، پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوئی جو چار بجے تک جاری رہے گی۔ افغان آزاد انتخابی کمیشن کے مطابق ولسی جرگہ یا ایوان زریں کی 250 نشستوں کیلئے تقریباً 2565 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 417 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 89 لاکھ 18ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، افغانستان میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والے دہشت گرد حملوں میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

صوبائی گورنر، پولیس چیف اور انٹیلی جنس سربراہ کی ہلاکت کے بعد قندھار میں آج ہونے والے پارلیمانی الیکشن ایک ہفتے تک موخر کردئیے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان نیشنل سکیورٹی کونسل نے صوبہ قندھار میں الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قندھار میں اب الیکشن آئندہ ہفتے ہوں گے جبکہ ملک کے بقیہ حصوں میں انتخابات طے شدہ شیڈول کے تحت ہوں گے۔