انڈونیشیا طیارہ حادثہ: 'نوبیاہتا شوہر کی آخری سیلفی'

Last Updated On 01 November,2018 06:06 pm

جکارتہ: (دنیا نیوز) انڈونیشیا میں نجی ایئر لائن کا ایک مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے کی شکار پرواز جے ٹی 610 جکارتہ سے جزیرہ سماٹرا کے شہر پنگ کل پنانگ جارہی تھی۔

طیارے میں سوار ایک بد قسمت 22 سالہ شخص ایسا بھی تھا جس کی دو ہفتے قبل شادی ہوئی تھی۔ ڈیرل فدا نے جہاز کے ٹیک آف ہوتے ہوئے اپنی تصویر بنا کر اہلیہ کو بھیجی تاہم طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

22 سالہ دیرل نے طیارے جے ٹی 610 سے 6 بج کر ایک منٹ پر اپنی اہلیہ کو تصویر بھیجی۔ دیرل اپنے کام کے سلسلے میں سفر پر روانہ ہو رہے تھے۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دیرل نے اپنے چہرے پر ماسک پہن رکھا ہے۔

 

انڈونیشیا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں 3 بچوں اور عملے کے 7 ارکان سمیت 189 افراد سوار تھے اور کسی بھی شخص کے زندہ بچنے کے آثار نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے بھارتی پائلٹ سمیت عملے اور تمام مسافروں میں سے کسی بھی شخص کے زندہ بچ جانے کے بہت ہی کم امکانات ہیں۔ انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر ایجنسی کے سربراہ نے سمندر میں موجود مسافروں کے اسمارٹ فونز، کتابوں، بیگز اور دیگر اشیاء کی تصویریں شیئر کی ہیں۔ عالمی ایوی ایشن ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ نیا تھا جو اگست میں ہی ایئرلائن کے حوالے کیا گیا تھا، حادثے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ہے۔