جمال خاشقجی کے بچوں کا سعودی عرب سےلاش کی باقیات کا مطالبہ

Last Updated On 05 November,2018 07:08 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے والد کی لاش کی باقیات کو ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے عبداللہ اور صلاح خاشقجی نے کہا کہ ان کے والد کے لاپتہ ہونے اور قتل ہونے کے حوالے سے غیریقینی صورتحال نے انہیں چند ہفتے شدید اذیت اور تکلیف میں مبتلا کیے رکھا۔

33 سالہ عبداللہ خاشقجی نے کہا کہ ان کے والد کے ساتھ جو کچھ ہوا، امید ہے کہ وہ تکلیف دہ نہیں ہوگا، جو کچھ ہوا وہ بہت جلد ہوا ہوگا اور ان کی پرسکون موت واقع ہوئی ہوگی۔

35 سالہ صلاح خاشقجی کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے والد کی تدفین مدینہ منورہ کے قبرستان جنت البقیع میں کی جائے اور اس حوالے سے سعودی حکام سے بات کی ہے اور امید ہے کہ ایسا جلد ہوگا۔

دونوں بھائیوں کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو سیاسی مقاصد کے لیے عالمی سطح پر غلط انداز میں پیش کیا گیا اور بدقسمتی سے کچھ لوگ ان کے حوالے سے من گھڑت باتیں کر رہے ہیں اور ان کا نام سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں تاہم سعودی کنگ نے انصاف کی فراہمی کا کہا ہے جس پر ہمیں یقین ہے۔

دوسری جانب ترکی کے پراسیکیوٹر جنرل نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں داخلے کے بعد دبوچا گیا اور گلا دباکر مارا گیا جس کے بعد لاش کو ٹکڑے کر کے ٹھکانہ لگایا گیا۔

یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو دستاویزات کے سلسلے میں ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصلیٹ گئے تھے جس کے بعد سے لاپتہ ہیں۔