انڈونیشیا: لائیو کنسرٹ کے دوران سونامی کی تباہی کی ویڈیو وائرل

Last Updated On 24 December,2018 04:55 pm

جکارتہ: (دنیا نیوز) انڈونیشیا میں سونامی سے 222 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حکام کے مطابق 843 افراد زخمی جبکہ 28 لاپتہ ہیں، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 انڈونیشیا ایک بار پھر سونامی کی زد میں، سمندر کی بپھری لہروں نے ہر طرف تباہی کی داستانیں چھوڑ دیں۔ ڈزاسٹرمینجمنٹ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد200 سے تجاوز کر چکی ہے جس میں مزید اضافے کاخدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انٹرنیٹ پر انڈونیشیا کے طوفان کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں مقامی پاپ بینڈ کے لائیو کنسرٹ کے دوران لوگ موسیقی اور راگ رنگ میں مصروف تھے کہ اچانک طوفانی لہروں نے انہیں خاموشی سے آدبوچا۔

 

 تیز موسیقی کے شور میں لوگوں کو خبر ہی نہیں کہ کون سا طوفان ان کے سروں پر منڈلا رہا ہے۔ پاپ موسیقار اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کررہا تھا کہ اچانک لائٹیں جلنے بجھنے لگیں، پھر یکدم اسٹیج نیچے گرا جہاں پیچھے خوفناک طوفانی لہروں نے منٹوں میں پورے موسیقی کے میلے کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ پھر ہر طرف افراتفری کے مناظر دیکھنے میں آئے اور لوگوں نے اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف دوڑ لگائی۔ مقامی میڈیا کے مطابق مقامی پاپ بینڈ کے تمام فن کار لاپتہ ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔