واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق کا اچانک دورہ کیا، امریکی فوجیوں سے ملاقاتیں کیں اور سیلفیاں بھی بنوائیں، خاتون اول میلانیا بھی امریکی صدر کے ہمراہ تھیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے دو سالہ دور اقتدار میں اہلیہ میلانیا کے ساتھ یہ عراق کا پہلا دورہ تھا، اپنی سرزمین اور پیاروں سے ہزاروں میل دور لڑائی میں مشغول امریکی فوجیوں کو ٹرمپ نے کرسمس سرپرائز دیا۔
الاسد ائیربیس پر امریکی صدر نے فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ ان کا عراق سے فوج واپس بلانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ تین گھنٹے کے اس دورے میں صدر ٹرمپ نے سو کے قریب امریکی فوجیوں کےساتھ وقت گزارا، خواتین فوجی اہلکاروں نے میلانیا ٹرمپ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے شام سے فوج واپس بلانے کا اعلان کیا تھا جس پر انھیں اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے وزیردفاع نے استعفی بھی دیدیا تاہم اب عراق سے امریکی فوج کے انخلا پر ٹرمپ کا بیانیہ مختلف دکھائی دیا جب انھوں نے امریکی فوجیوں سے خطاب میں اُنھیں واپس بلانے کی بجائے عراق میں مزید وقت گزارنے پر زور دیا۔