نئی دہلی: (ویب ڈیسک) گزشتہ 4 سال اور 7 ماہ کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر ملکی دورے پر مجموعی طور پر 2021کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں جو اب تک کسی بھی بھارتی وزیر اعظم کے غیرملکی دوروں کے خرچ سے کئی گنا زیادہ ہے، انہوں نے 92 ملکوں کے دورے کیے جن میں سے کئی ممالک میں وہ ایک سے زیادہ مرتبہ گئے۔
سرکاری خزانے کا’بہتر‘استعمال کیسے کیا جاتا ہے؟ یہ کوئی بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھے۔ اکثرغیرملکی دورے پر رہنے والے نریندر مودی کا سفر اب تک کے بھارتی وزرائے اعظم کے مقابلے سب سے خرچیلا بتایا جا رہا ہے۔ نریندر مودی نے 92 ملکوں کے دورے کیے جن میں سے کئی ممالک میں وہ ایک سے زیادہ مرتبہ گئے۔ اگر یہ کہا جاتا ہے کہ وزیراعظم مودی نے پوری دنیاگھوم لی ہے تو کچھ غلط نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اکثر وزیراعظم مودی کے ایک کے بعدایک غیرملکی دوروں اوراس پر ہو رہے اخراجات کو لے کرتنقید کرتی رہی ہے۔ گزشتہ 4 سالوں اور 7 ماہ میں کے دوران بھارتی وزیر اعظم مودی کے غیر ملکی دورے پر مجموعی طور پر 2021 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔جواب تک کے ملک کے کسی بھی وزیراعظم کے غیرملکی دوروں کے خرچ سے کئی گنازیادہ ہے۔
بھارتی امورخارجہ کے وزیرمملکت وی کے سنگھ نے ایک سوال کے تحریری جواب میں راجیہ سبھا میں یہ اعدادوشمارپیش کئے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم مودی کے مقابلے پچھلے 9 سالوں کے اپنے دوراقتدار میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے غیر ملکی دوروں پر 642 کروڑ روپئے خرچ ہوئے تھے۔وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے اب تک کے دوراقتدارمیں کل 171 دن غیرملکی دوروں پررہے ہیں یعنی وزیراعظم نے تقریبا ً6 ماہ کاوقت غیرممالک میں گزاراہے۔ اس طرح وزیر اعظم کے طورپرمودی کا12 فیصد وقت غیرملکی دورے میں گزرا ہے۔
سب سے زیادہ مہنگا غیر ملکی دورہ
بات اگر وزیر اعظم نریندر مودی کے سب سے مہنگے غیرملکی دورے کی کریں تواپریل2015 میں فرانس، جرمنی اور کینیڈا کا دورہ سب سے زیادہ مہنگا ثابت ہواتھا۔صرف چارٹرڈطیارہ اور ہاٹ لائن سہولت پر 32 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
نریندر مودی نے وزیر اعظم کے طور پر سب سے زیادہ امریکہ کا دورہ کیا ہے۔ان کے غیرملکی دورے کے لحاظ سے جولائی سے نومبرکاوقت سب سے زیادہ مصروف رہتاہے کیونکہ اسی دوران برکس اور مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس کا انعقاد ہوتا ہے۔وزیراعظم مودی کے غیر ملکی دوروں کے لئے پانچ بارانڈین ایئر فورس کے ایئرکرافٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔