مقدونیہ کے نام کی تبدیلی، معاہدے سے قبل یونانی وزیر دفاع مستعفی

Last Updated On 13 January,2019 05:57 pm

ایتھنز: (دنیا نیوز) مقدونیہ کے نام کی تبدیلی کے معاہدہ سے قبل یونانی وزیر دفاع پانوس کمینوس مستعفی ہو گئے، ان کا کہنا ہے مقدونیہ کا نام یونانی تہذیب کا علمبردار، کسی اور ملک کو یہ نام رکھنے کا حق نہیں ہے۔

دائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھنے والے یونانی وزیر دفاع مستعفی ہو گئے۔ پانوس کمینوس کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کو مقدونیہ کا نام رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا جب یونانی پارلیمنٹ کی جمہوریہ مقدونیہ کے نئے نام کی منظوری کے لیے ووٹنگ ہونی ہے۔

جمعے کے روز مقدونیہ کی پارلیمنٹ نے یونان کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کے لیے ملک کا نام جمہوریہ مقدونیہ سے تبدیل کر کے جمہوریہ شمالی مقدونیہ کر دیا تھا۔ یونانی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد جمہوریہ شمالی مقدونیہ یورپی یونین اور نیٹو کا رکن بن سکے گا۔

یونان نے انیس سو اکانوے میں یوگوسلاویہ سے آزادی پانے والے مقدونیہ کی یورپی یونین اور نیٹو میں شرکت ویٹو کر دی تھی اور اسے مقدونیہ کے نام کی تبدیلی سے مشروط کر دیا تھا۔

یونان میں بھی مقدونیہ نامی صوبہ موجود ہے جو اس کے مطابق سکندر اعظم کا آبائی علاقہ ہے، لہذا کسی اور ملک کو یہ نام رکھنے کا حق نہیں ہے۔