واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد صورتحال خوفناک ہے، تاہم بہتر ہو گا اگر دونوں ملک مل بیٹھ کر اس مسئلے کو حل کریں۔
امریکی صدر نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت ایک ساتھ چلتے ہیں تو جنوبی ایشیا کے دونوں ہمسایہ ممالک کے لیے یہ بہت اچھا ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سوال پر کہا کہ انہوں نے پلوامہ حملے سے متعلق کئی رپورٹس کا جائزہ لیا تاہم معاملے پر مناسب وقت پر تبصرہ کیا جائے گا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ پلوامہ حملہ خطرناک ہے اور اس پر ہمیں رپورٹس موصول ہورہی ہیں۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 14 فروری کو بھارتی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں 44 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد بھارت کی جانب سے مسلسل پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔