واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلائی فوج بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ انہوں نے اوول آفس میں منصوبے کے مسودے پر دستخط کئے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینٹاگون کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ائیر فورس کے زیرِ اثر ایک سپیس فورس قائم کرے۔ انہوں نے منصوبے کے مسودے پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ خلا ہی مستقبل اور اگلا قدم ہے۔ اس موقع پر نائب صدر مائیک پینس اور قائم مقام وزیردفاع بھی موجود تھے۔
خلائی فوج تیار کرنے کے منصوبے پر اگلے 5 سالوں میں 80 کروڑ ڈالر کے اخراجات متوقع ہیں۔ یہ فورس خلا میں فوجی کارروائیوں اور ان کی نگرانی کا کام سرانجام دے گی۔
امریکی میڈیا نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ سپیس کمانڈ کیلئے ابتدائی طور پر 600 افراد بھرتی کئے جائیں گے اور بعد ازاں تعداد میں ایک ہزار اہلکاروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج کی خلائی کمان چین اور روس کے خلاف خلا میں جنگ کیلئے تشکیل دی جائے گی۔