نئی دہلی: (ویب ڈیسک)بھارتی کرکٹرز بھی تعصب کی آگ میں جلنے لگے، بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے اپنے ملک کو رواں سال جون میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کا بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بھارتی کرکٹرز بھی تعصب کی آگ میں جلنے لگے، ہربھجن سنگھ کا یہ بیان گزشتہ ہفتے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے حملے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ "صرف کرکٹ کی حد تک نہیں، پاکستان سے کسی بھی سطح پر تعلقات کی ضرورت نہیں۔"
پیر کی شب ایک بھارتی ٹی وی چینل سے گفتگو میں ہربھجن کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کو عالمی کرکٹ کپ میں 16 جون کو پاکستان سے ہونے والا میچ نہیں کھیلنا چاہیے۔
ان کے بقول "ہم سب کے لیے ملک پہلے ہے۔ ہم سب اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔"اپنے انٹرویو کے دوران ہربھجن نے پاکستان پر سرحد پار سے دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا الزام بھی لگایا۔
پاکستان اور بھارت کا ورلڈ کپ میچ مانچسٹر میں ہونا ہے اور اگر بھارت یہ میچ نہیں کھیلتا اور گروپ گیم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہے تو اس کے میچ پوائنٹس کم ہوجائیں گے۔