ادیس ابابا: (دنیا نیوز) ایتھوپیا میں حادثے کے بعد امریکی طیارہ ساز کمپنی کو تاریخی بحران کا سامنا کرنا پڑا گیا، کئی ممالک کے بعد امریکا میں بھی طیارے کی بندش، دنیا بھر میں بوئنگ 737 میکس گراؤنڈ کر دیئے گئے۔
ایتھوپیا میں طیارے کے حادثے کے بعد امریکا نے بھی بوئنگ سیون تھری سیون میکس اور نائن طیارے گراؤنڈ کر دیئے۔ امریکی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایتھوپیا میں حادثے کے مقام سے جمع شواہد اور سیٹلائٹ سے حاصل ڈیٹا کی روشنی میں طیارے گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ عارضی طور پر اپنے جدید ترین بوئنگ 737 میکس طیاروں کو گراؤنڈ کر رہی ہے۔ چین، ایتھوپیا، انڈونیشیا، سنگاپور، آسٹریلیا، عمان، فرانس اور بھارت سمیت کئی ممالک بوئنگ 737 میکس طیارے گراؤنڈ کرنے یا اس کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ایتھوپیا میں بوئنگ 737 میکس طیارہ گرنے سے تمام 157 مسافر ہلاک ہو گئے تھے، پانچ ماہ میں طیارے کو پیش آنے والا یہ دوسرا مہلک حادثہ تھا۔