برطانوی سیاستدان بریگزٹ کے جن پر قابو پانے میں ناکام

Last Updated On 03 April,2019 11:39 am

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی سیاستدان بریگزٹ کے جن پر قابو پانے میں ناکام ہو گئے۔ دارالعوام میں چار متبادل تجاویز پر بھی اتفاق رائے نہ ہو سکا جس کے بعد چاروں آپشنز مسترد کر دی گئیں۔ برطانیہ میں عام انتخابات کے امکانات مزید بڑھ گئے، وزیراعظم تھریسامے نے اہم کابینہ اجلاس بلا لیا۔

برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلا کا معاملہ، بحران نے وزیراعظم تھریسامے کی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا، دارالعوام میں بریگزٹ پر چارمتبادل آپشن بھی مسترد کر دیئے گئے۔

برطانیہ کو یورپی یونین کے ساتھ کسٹمز یونین کے ذریعے جڑے رہنے کی آپشن محض تین ووٹوں کے فرق سے منظور ہونے سے رہ گئی، یورپی یونین کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے کے لیے یورپین فری ٹریڈ ایسوسی ایشن میں شمولیت کی آپشن بھی مسترد ہو گئی۔

وزیراعظم تھریسامے نے نئے عام انتخابات کےلیے اپنی جماعت کے ارکان کو بحث کا وقت دے دیا اور کابینہ کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔