نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ایک شخص نے جلوس کے دوران عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور وزیراعلیٰ اروند کیجروال کو تھپڑ مار ڈالا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق دہلی کے وزیراعلیٰ موتی نگر میں برجیش گویل کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلوس کی قیادت کررہے تھے کہ ایک شخص ان کی گاڑی کے نزدیک پہنچ گیا اور وزیراعلیٰ کو زور دار تھپڑ رسید کر دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق عام آدمی پارٹی کے ورکرز نے تھپڑ مارنے والے شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جہاں اس کی شناخت 33 سالہ سریش کے نام سے ہوئی ہے جو اسپیئر پارٹس کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اروند کجروال کو تھپڑ پڑ چکے ہیں۔ نومبر 2018ء میں ان پر مرچیں پھینکی گئی تھی۔ 2016 میں ایک شخص نے جوتا اچھالا تھا اور ایک خاتون نے سیاہی بھی پھینکی تھی جبکہ 2014 میں ایک رکشہ ڈرائیور نے بھی ان کے چہرے پر تھپڑ رسید کیا تھا۔