سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم انتہا کو پہنچ گیا، شہادتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی۔ شوپیاں اور پلواما میں بھارتی فورسز نے کرفیو نافذکر رکھا ہے۔ حریت کانفرنس کے اعلان پر آج مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ نماز جمعہ کے بعد ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا جبکہ شہدا کے جنازوں میں ہزاروں افراد شریک ہو رہے ہیں۔
بھارت نے مقبوضہ وادی کو لہو میں نہلا دیا، کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی بےرحمانہ طریقے سے جاری ہے۔ پلواما میں پانچ اور شوپیاں میں تین نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا، ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے زبردست مظاہرے کیے۔ مظاہرین پر بھارتی فورسزنے پیلٹ گن کے متعدد راونڈ فائر کیے جس سے متعدد نوجوان زخمی ہو گئے۔
شہدا کے جنازوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ حریت کانفرنس کے اعلان پر آج وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا جبکہ کٹھ تپلی انتظامیہ نے شوپیاں اور پلوامامیں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔