واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں تعینات برطانوی سفیر کی ای میلز لیک ہو گئی ہیں جسے برطانوی میڈیا منظر عام پر لے آیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لیک ہونے والی فائل 2017ء سے اب تک کے واقعات پر مشتمل ہے جس میں سر کِم ڈارک نے ٹرمپ انتظامیہ کو ناکارہ،
غیر محفوظ اور نااہل قرار دیا ہے۔
گزشتہ ماہ ارسال کیے جانے والے پیغام میں سر کم نے لکھا کہ ایران سے متعلق امریکی پالیسی غیر مربوط اور خلفشار کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا تہران پر حملے کو 10منٹ پہلے یہ کہہ کر روک دینا کہ اس میں صرف 150 افراد مارے جائیں گے، سمجھ سے بالاتر ہے۔
ایک ای میل میں برطانوی سفیر نے خبردار کیا کہ امریکی صدر کو مکمل طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ صدر ٹرمپ جون میں برطانیہ کے اپنے سرکاری دورے کے دوران چکا چوند میں کھو گئے تھے۔
برطانوی وزارت خارجہ نے لیک ہونے والی ای میلز کو شرارت قرار دیا ہے جبکہ وائٹ ہاؤس نے ان مراسلوں پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔