سری نگر: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں، پوری دنیا میں مقیم کشمیری ریلیاں نکال رہے ہیں اور بھارتی جارحیت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں مختلف تنظیموں کی جانب سے بھارت کیخلاف مظاہروں کا اہتمام کیا گیا.
انیس جولائی 1947 کو کشمیریوں نے نظریاتی طور پر پاکستان سے رشتہ جوڑ کر الحاق کا فیصلہ کیا تھا۔ جذبہ آزادی سے سرشار کشمیریوں کا آج بھی یہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔
کشمیری ہر احتجاج میں پاکستانی پرچم لہرا کردُنیا کو ثبوت پیش کرتے ہیں کہ کشمیر کل بھی پاکستان تھا، آج بھی ہے۔ یاد رہے کہ 19 جولائی1947 کو سری نگر میں کشمیری رہنما سردار ابراہیم کے گھر جمع ہونے والے 60 کشمیری رہنماؤں نے متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔