بہار: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں باران رحمت زحمت بن گئی۔ دو دن کے دوران آسمانی بجلی کی زد میں آ کر مزید 39 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار میں آسمانی بجلی کی زد میں آ کر مزید انتالیس افراد مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مرنے والوں میں 8 کا تعلق بہار کے علاقے جموئی سے ہے، 7 کا تعلق اورنگ آباد سے ہے، مرنے والوں میں پانچ کا تعلق بانکا سے ہے۔ تین کا تعلق بھاغلپور اور روہتاس سے ہے جبکہ دیگر کا تعلق مختلف علاقوں سے بتایا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ریاستی حکومت نے مرنے والوں کو چار لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران بجلی کے یہ واقعات آئندہ دو ماہ تک جاری رہ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ مون سون کے موسم میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں کی تباہی کاریوں کے باعث اس مشرقی بھارتی ریاست میں اب تک 105 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ریاست اتر پردیش میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے کُل 41 افراد مارے گئے تھے۔