اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پر اندھادھند فائرنگ، ایک جوان شہید، 40 زخمی

Last Updated On 28 July,2019 10:37 pm

غزہ: (دنیا نیوز) انسانیت سے عاری اسرائیلی فورسز کی نہتے مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک جوان شہید جبکہ 40 زخمی ہو گئے، ہفتہ وار مظاہروں کے دوران اب تک ہونے والی شہادتوں کی تعداد 210 ہو چکی ہے۔

غزہ میں ہفتہ وارا حتجاج کے دوران صیہونی فوج نے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، درندہ صفت اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جوان شہید جبکہ چالیس زخمی ہوگئے۔ شہید کے جنازے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور آخری سانسوں تک فلسطین کی آزادی کے لیے مزاحمت کرنے کا عہد کیا۔

گزشتہ برس تیس مارچ سے"عظیم الشان واپسی مارچ" کے عنوان سے شروع ہونے والے ہفتہ وار احتجاج کے دوران اب تک شہادتوں کی تعداد 210 ہوچکی ہے۔

یاد رہے کہ ترکی کے دورے پر آئے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے دنیا میں دہشتگردی کی سب سے بڑی وجہ اسرائیل کو قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انقرہ کے ساتھ مل کر فلسیطینوں کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔