کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبے قندھار میں افغان فوجی نے دو امریکی فوجیوں کو مار دیا، اس کارروائی میں تین امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ قندھار کے ضلع شاہ ولی کوٹ میں تناجوہ فوجی کیمپ کے اندر پیش آیا جہاں افغان فوجی نے امریکی فوجیوں پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں فوری طور پر 2 امریکی فوجی چل بسے۔ ہلاک امریکی فوجیوں کا تعلق 82 ایئر بورن ڈویژن سے تھا۔ تاہم مرنے والوں کی مزید تفصیلات نہیں بتائی جا رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان: پرتشدد واقعے میں ایک اور امریکی فوجی مارا گیا
خبر رساں ادارے کے مطابق اس کارروائی کے دوران 3 امریکی فوجی زخمی ہو گئے، جوابی کارروائی میں ٓور افغان فوجی بھی ہلاک ہوگیا۔ امریکی حکام نے اسے اندرونی حملہ قرار دیا ہے۔
نیٹو کے آپریشن ریزولوٹ سپورٹ کے مطابق 2019ء کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران افغانستان میں اب تک 14 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ شورش زدہ اس ملک میں نیٹو سمیت امریکی فوجی موجود ہیں جو افغان فوج کو ٹریننگ کیلئے موجود ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان کی تعداد 20 ہزار کے قریب ہے۔
18 سال طویل جنگ میں 2400 کے قریب امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس دوران 20 ہزار 400 کے قریب فوجی شدید زخمی ہوئے۔ حالیہ عرصے میں افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف افغانستان میں قیام امن کی عالمی کوششوں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔