خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کی پاکستان کو یوم آزادی پر مبارکباد

Last Updated On 14 August,2019 08:06 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے بادشاہ اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کو 72 ویں یوم آزادی مبارکباد دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے صدر عارف علوی کو یوم آزادی کا پیغام بھیجا گیا، شاہ سلمان نے اپنی طرف سے، سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستان صدر، حکومت اور عوام کو جشن آزادی پر مبارکباد پیش کی اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

اسی طرح کا ایک اور مکتوب ولی عہد ووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے صدر عارف علوی کے نام روانہ کیا گیا جس میں ولی عہد نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے مزید ترقی وخوشحالی کی دعا کی۔

اس سے قبل امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کے عوام کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے امریکی حکومت کی طرف سے یوم آزادی کی مبادکباد دیتے ہوئے کہا ہے کئی سالوں سے امریکہ اور پاکستان نے مل کر کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی زیادہ سے زیادہ خوشحالی، عوام کے مابین تعلقات کو مزید تقویت بخشنے اور پاک امریکا تجارتی تعلقات کی بہتری کی امید کرتے ہیں۔