عازمین حج کے لیے آب زمزم کی 27 ہزارچھوٹی ٹینکیوں کا اہتمام

Last Updated On 31 July,2019 07:51 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) رواں سال حج کے موقع پرعازمین حج کو زمزم کی فراہمی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ مسجد حرام کےاندر اورباہر عازمین حج کے لیے آب زمزم کی 27 ہزارچھوٹی ٹینکیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

فراہمی زمزم کمیٹی کے ڈائریکٹر انجینیر مشاری المسعودی نے بتایا کہ مسجد الحرام میں زم زم کی فراہمی کے لیے 250 سپروائز اور نگران حضرات سمیت ایک ہزار سے زاید افراد کو متعین کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مسجد حرام میں زمزم کی فراہمی کے لیے اسٹیل کی 216 ٹینکیاں نصب کی گئی ہیں 555 آب خورے، صحن مطاف میں عازمین حج کی پیاس بجھانے کے لیے بڑی تعداد میں موبائل زمزم کولر فراہم کیے جائیں گے۔

دوسری جانب فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ایک لاکھ اڑتالیس ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ ان میں سے ایک لاکھ 5 ہزار سرکاری جبکہ 43 ہزار عازمین نجی حج سکیم کے ذریعے ارض مقدس پہنچے۔ سرکاری حج سکیم کے 51 ہزار عازمین مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کرکے مکہ پہنچ چکے ہیں جبکہ 8 ہزار ابھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔
سرکاری حج سکیم کے تحت مکہ پہنچنے والے عازمینِ حج کی تعداد 96 ہزار ہو چکی ہے۔ پاکستان سے حج فلائٹ آپریشن 6 اگست تک جاری رہے گا۔
وزارتِ مذہبی امورکا سیزنل سٹاف، حج میڈیکل مشن اور معاونین ہمہ وقت حجاج کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ مذہبی امور کی مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ جاری ہے۔