'ٹیلی فون پریہ نہ بتانا کشمیر میں حالات خراب ہیں'

Last Updated On 27 August,2019 09:45 am

سرینگر: (روزنامہ دنیا) بھارت کے مختلف شہروں میں تعلیم یا روزگار کے سلسلے میں مقیم کشمیری وادی میں مواصلاتی نظام کی معطلی کے باعث سخت پریشان ہیں۔ کشمیری شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی مجسٹریٹ دفاتر میں قائم ہیلپ لائن سے فون ملانے سے قبل ہمیں ہدایت دی جاتی ہے کہ کسی کو کشمیر کے حالات سے متعلق ہرگز نہ بتائیں۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 4 اگست کی رات دیر گئے جب تمام مواصلاتی کمپنیوں نے سرکاری احکامات پر فون اور انٹرنیٹ سروسز منقطع کیں تو کچھ دنوں بعد مقامی انتظامیہ نے سبھی 10 اضلاع کے ضلعی مجسٹریٹ دفاتر میں ہیلپ لائن نمبر قائم کئے تاکہ کشمیری والدین جن کے بچے بھارت کے مختلف شہروں میں تعلیم یا روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں کے ساتھ بات کر سکیں۔ ضلعی مجسٹریٹ دفاتر میں فون کرنے کیلئے آنیوالے کشمیری والدین کا کہنا ہے فون نمبر ملانے سے قبل انہیں ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ایک دوسرے کا حال پوچھ لیں لیکن فون پر کسی کو قطعی یہ نہ بتائیں کہ کشمیر میں حالات خراب ہیں۔

وسطی کشمیر کے ایک ضلعی مجسٹریٹ دفتر میں دہلی میں اپنے زیر تعلیم بیٹے کو فون کرنے کے بعد ایک ادھیڑ عمر کشمیری نے نام نہ ظاہر کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اس شرط پر فون کرنے دیا گیا کہ میں اپنے بیٹے کیساتھ کشمیر کے حالات پر بات نہیں کروں گا، لہٰذامیں ان کی ہر شرط ماننے کیلئے تیار تھا۔ ایک سرکاری عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ انہیں ہیلپ لائن نمبر کا انچارج بنایا گیا لیکن یہ واضح حکم ملا ہے کہ اس نمبر کا استعمال کشمیر کی موجودہ زمینی صورتحال کے متعلق معلومات کی ترسیل کیلئے نہیں ہونا چاہیے۔

بھارت کے جنوبی شہر حیدرآباد کی ایک یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی سکالر مدثر احمد نے فون پر بتایا کہ تین ہفتے گزرنے کو ہیں لیکن میری والدین یا دیگر اہلخانہ سے کوئی بات نہیں ہوئی، میں گاؤں کا رہنے والا ہوں، میرے والد کو کہاں معلوم ہو کہ ضلع مجسٹریٹ کے دفتر میں ہیلپ لائن نمبر کام کر رہا ہے، جہاں سے وہ مجھے کال کریں، موجودہ زمانے میں مواصلاتی خدمات کی معطلی کو صرف ستم گری کا نام دیا جا سکتا ہے۔ میری یونیورسٹی میں ایک سو سے زائد کشمیری بچے زیر تعلیم ہیں اور سبھی اپنے گھر والوں سے بات نہ ہونے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں، اب ہم صحیح سے پڑھائی پر بھی دھیان نہیں دے پاتے۔

کولکتہ میں مقیم ایک کشمیری تاجر نے نام نہ ظاہر کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ میرے والدین، بیوی اور بچے کس حال میں ہیں، مجھے بالکل علم نہیں، میں ان کی سلامتی کو لیکر سخت پریشان ہوں۔ کشمیر میں ان کے اہلخانہ اپنے عزیزوں سے بات کرنے کیلئے ہر دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن کوئی رابطہ نہیں ہوتا۔ سکیورٹی اہلکاروں کے ایک گروپ نے بتایا کہ وہ فون سروسز کی معطلی کی وجہ سے اپنے گھر والوں سے بات نہیں کر پاتے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ زمانے میں فون سروسز بند کرنا سمجھ سے باہر ہے۔