ہانگ کانگ: (دنیا نیوز) ہانگ کانگ میں جمہوری انتخابات پر پابندی لگے 5سال مکمل ہو گئے۔ ملک میں جمہوری اصلاحات کیلئے احتجاج تیرہویں ہفتے بھی جاری ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین سٹیڈیم میں مذہبی اجتماع کے لیے جمع ہوئے اور پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب مارچ کیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹ اور ماسک پہنے مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹوں کو نظر آتش کر دیا، پولیس نے مظاہرین کے خلاف، واٹر کینن، آنسو گیس اور لاٹھی چارچ کا استعمال کیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے واٹر کینن کے ذریعہ نیلے رنگ کا محلول مظاہرین پر پھینکا، مظاہرین نے پولیس کے خلاف پیٹرول بم کا استعمال کیا اور شدید پتھراؤ بھی کیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ میں مظاہرے کا آغاز جون میں ملزمان کی حوالگی کا بل منظورہونے پر ہواتھا جو تاحال جاری ہے۔