روم: (ویب ڈیسک) پوپ فرانسس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ دعائیہ تقریب میں آتے ہوئے لفٹ میں پھنسنے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئے جس کے بعد آگ بجھانے والے عملے نے ان کو لفٹ سے باہر نکالا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دعائیہ تقریب کو براہ راست دکھانے والے ٹیلی ویژن نیٹ ورک پوپ فرانسس کی غیر معمولی تاخیر پر فکرمند ہوگئے اور انہیں لگا ایسا شاید پوپ کی صحت کی خرابی کی وجہ سے ہوا ہے۔
پوپ فرانسس نے بے چینی سے اپنا انتظار کرتے ہزاروں کے ہجوم کو سینٹ پیٹرز سکوائر کے اوپر موجود کھڑکی میں آتے ہی مسکراتے ہوئے بتایا کہ ’ میں تاخیر سے آنے پر معذرت چاہتا ہوں۔ میں 25 منٹ کے لیے لفٹ میں پھنس گیا تھا۔ ایسا بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہوا لیکن پھر آگ بجھانے والے عملے نے آکر مجھے باہر نکالا۔ ہمیں آگ بجھانے والے عملے کو سراہنا چاہیے۔‘ ان کے ایسا کہنے پر مجمعے نے تعریفی کلمات اور آوازیں بلند کیں۔