لائیبیریا: سکول میں آگ لگنے سے قرآن پاک پڑھتے 27 بچے شہید

Last Updated On 18 September,2019 07:05 pm

مونروویا: (دنیا نیوز) براعظم افریقہ کے ملک لائیبیریا سے ایک ایک افسوسناک خبر آئی ہے جسکے مطابق ایک سکول میں آگ لگنے سے 27 بچے شہید ہو گئے ہیں۔ بچے سکول میں قرآن پاک پڑھ رہے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک لائیبیریا میں سکول میں آگ لگ گئی، دارالحکومت کے قریب سکول میں آگ لگنے سے 27 بچے چل بسے ہیں، مرنے والوں میں 2 ٹیچرز بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق آتشزدگی کے اس واقعے میں دو بچے زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس واقعے کے بعد حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت بچے قرآن پاک پڑھ رہے تھے، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔ مزیدتحقیقات کی جارہی ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پہلے اطلاع ملی تھی کہ مرنے والے بچوں کی تعداد 30 ہے تاہم یہ تعداد 30 نہیں بلکہ 27 ہے۔

صدر جارج واہ کا کہنا ہے کہ یہ آتشزدگی گزشتہ روز رات گئے لگی، میری ہمدردیاں اور دعائیں شہید ہونے والے بچوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ میں جانتا ہوں یہ لمحات شہید ہونے والے بچوں کے والدین، اہل خانہ سمیت پورے ملک کے لیے بہت مشکل ہیں۔