سنتیاگو: (دنیا نیوز) چلی میں حکومت مخالف احتجاج میں مزید تیزی آ گئی، مظاہرین کی پولیس کےساتھ جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے، لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن کا استعمال کرنا پڑا۔
چلی میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں، سن تیاگو میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا، حکام کے مطابق مظاہروں میں اب تک بیس افراد ہلاک اور دو ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
چلی میں مظاہرے کرایوں میں اضافے کے بعد شروع ہوئے تھے جو بعد ازاں پرتشدد ہنگاموں میں تبدیل ہو گئے۔ نامعلوم نقاب پوش افراد کی جانب سے سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے اور لوٹ مار کے واقعات بھی پیش آئے۔ صدر پنیرا نے بڑے پیمانے پر ہونے والے احتجاج کو ختم کرنے کیلئے کابینہ برطرف کرنے کا اعلان بھی کیا تھا تاہم مظاہرے تاحال جاری ہیں۔