امریکا میں برفانی طوفان نے تباہی مچا دی، حادثات میں چار افراد ہلاک

Last Updated On 12 November,2019 10:41 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی وسط مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام نے شہریوں کو بلاضرورت سفر سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

شکاگو میں چھ انچ برف پڑچکی ہے جہاں برفباری کی وجہ سے ایک جہاز رن وے پر سلپ ہو گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خراب موسم کی وجہ سے ایک ہزار پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

ٹرین سروس بھی معطل کرنا پڑی جس کے سبب مسافروں کو آنے جانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مشی گن اور کنساس میں برف سے ڈھکی سڑک پر ٹریفک حادثے میں چار افراد ہلاک ہوگئے، نیشنل ویدر سروس کے مطابق شمال مشرقی علاقوں میں مزید ایک فٹ برف پڑنے کا خدشہ ہے۔ شہری حکام نے لوگوں کو بلاضرورت سفر سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، موسم کی خراب صورتحال سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کسی بھی ممکنہ ناگہانی صورتحال سے بچنے کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔