نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کے نئے آرمی چیف نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی فوج کو افسران کی کمی کا سامنا ہے۔ بھارتی بحری اور فضائی افواج میں بھی افسران کی کمی ہے تاہم بّری فوج میں افسران کی کمی اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔
بھارت کے نئے آرمی چیف جنرل منوج موکند نرونے نے کہا ہے انڈین فوج میں افسران کی کمی اب بھی برقرار ہے۔ بھارتی فوج میں اس وقت تقریبا 7400 افسران کی کمی ہے یعنی انڈین فوج میں لیفٹیننٹ یا اس سے اوپر کے عہدوں کے لیے جتنے افسران کی ضرورت ہے وہ موجود نہیں۔
بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انڈیا کی بحری اور فضائی افواج میں بھی افسران کی کمی ہے تاہم بّری فوج میں افسران کی کمی اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی حکومت کے متعدد اقدامات کے باوجود بھارتی نوجوان فوج میں شمولیت کی رغبت نہیں رکھتے، بھارتی فوج گزشتہ 4 سال سے مختلف ریاستوں میں بھرتی کیمپس قائم کر رہی ہے جہاں عوام کو فوج میں مہیا سہولیات اور تنخواہوں میں اضافے سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے اس کے باوجود کوئی خاص کامیبابی دیکھنے میں نہیں آئی۔ ماہرین کے مطابق قابلیت اور صلاحیت رکھنے والے افراد فوج میں بھرتی ہی نہیں ہونا چاہتے۔