یوکرین طیارے حادثے میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا، ایرانی حکام کا دعوی

Last Updated On 14 January,2020 02:44 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی حکام نے دعوی کیا ہے کہ یوکرین طیارے حادثے میں ملوث چند افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ یوکرین طیارہ حادثہ ناقابل معافی جرم ہے۔

یوکرین کا مسافر بردار طیارہ 8 جنوری کو ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب ایرانی میزائل گرنے سے تباہ ہو گیا تھا، اس سے کچھ دیر قبل اپنے اہم جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے ایران نے امریکی فوجی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔ ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ یوکرینی طیارہ  تکنیکی غلطی کے سبب امریکی کروز میزائل سمجھا گیا جس پر اسے گرا دیا گیا۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے یوکرینی طیارے کی تباہی پر ملوث افراد کے خلاف کاررائی کی یقین دہانی کروائی تھی اور متاثرین کومعاوضہ ادا کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔ 

یاد رہے یوکرینی طیارہ تہران سے کیف کی جانب محو پرواز تھا، اس میں82 ایرانی اور 63 کینیڈین شہری سوار تھے جو تمام کے تمام ہلاک ہو گئے۔