تہران: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تہران میں ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں، خطے میں تناؤ کے خاتمے پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی ملک کے خلاف جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرانے کا مشن، وزیر خارجہ نے تہران میں ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کیں جن میں خطے میں حالیہ تناؤ کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جن کو پاکستان ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے بہت اہمیت دیتا ہے، وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی ملک کے خلاف جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔
وزیرخارجہ ایران کے دورے کے بعد آج اعلی سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچیں گے جہاں خطے میں امن کو مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔