آئندہ امریکی انتخابات، ٹرمپ کا مدمقابل کون ہو گا، 6 ڈیموکریٹک امیدواروں کے درمیان مباحثہ

Last Updated On 15 January,2020 07:13 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) نومبر 2020 میں ہونے والے امریکی انتخابات میں صدر ٹرمپ کے مدمقابل کون ہو گا۔ 6 ڈیموکریٹک امیدواروں کے درمیان مباحثہ ہوا جس میں ٹرمپ کا مواخذہ بھی زیر بحث آیا۔ سینیٹر برنی کا متنازع بیان بھی موضوع کا حصہ تھا۔ مبینہ بیان میں انہوں نے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل الزبتھ وارین کے حوالے سے کہا تھا کہ کوئی خاتون کبھی صدر کا عہدہ حاصل نہیں کر سکتی جبکہ صدر ٹرمپ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ برنی سینڈرز کی بات پر اعتبار نہیں کرتے۔

 

 

امریکی ریاست لوا Lowa کی ایک یونیورسٹی میں ہونے والے اس مباحثے میں 6 امیدواروں کے درمیان خوب گرما گرمی دیکھنے میں آئی، مباحثے میں شامل امیدوار ہیلتھ کیئر اور مفت کالج کی سہولت پر تقسیم نظر آئے۔

صدر ٹرمپ کا مواخذہ بھی زیر بحث آیا، سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ بات نہیں کہی کہ ایک خاتون کبھی امریکا کی صدر نہیں بن سکتی۔ سابق نائب صدر جو بائیڈن واضح طور پر باقی امیدواروں کے مقابلے میں سبقت حاصل کرتے ہوئے نظر آئے۔

ماہرین کے مطابق اگر وہ انتخابی مقابلے کی ابتدائی دوڑ میں اپنے گھوڑے سے نہیں گرتے تو ان کو ہرانا مشکل ہوگا۔ ریاست وسکونسن میں صدر ٹرمپ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ برنی سینڈرز کی بات پر اعتبار نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا کو محفوظ رکھنا ہے تو ریپبلکنز کو ووٹ دیں۔

جلسے میں ایک شخص نے صدر ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی بھی کی جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑ کر باہر نکال دیا۔ صدر ٹرمپ نے کہا یہ گھر جا کر بتائے گا کہ ماما میں نے جلسہ خراب کیا لیکن اس کی ماں پھر بھی ٹرمپ ہی کو ووٹ دے گی۔