ایران: یوکرینی طیارے کو دو میزائل لگے، جنرل سلیمانی کو خراج عقیدت کیلئے لوگوں کا بڑا اجتماع

Last Updated On 15 January,2020 09:54 am

تہران: (دنیا نیوز) ایران میں میزائل حملے کا نشانہ بننے والے یوکرین کے طیارے کی ایک اور نئی مبینہ ویڈیو سامنے آ گئی ہے جس کے مطابق طیارے کو دومیزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ ایران میں جنرل سلیمانی اور طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔

 

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے یوکرین کے طیارے کی نئی مبینہ سی سی ٹی وی ویڈیو جاری کر دی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کو ایرانی فوجی اڈے سے صرف 4 میل کی دوری سے نشانہ بنایا گیا۔ طیارے پر ایک نہیں بلکہ دو میزئل فائر کیے گئے۔

یوکرین کے سیکیورٹی چیف کا کہنا ہے کہ میزائل طیارے کے کاک پٹ کے نیچے لگا جس کی وجہ سے دونوں پائلٹ فورا ہی ہلاک ہو گئے۔ ایرانی سیکورٹی حکام نے طیارے کی وڈیو بنانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

ادھر جنرل سلیمانی اور طیار ہ حادثے میں مرنے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ شرکاء نے ٹرمپ کو انٹرنیشنل کرمنل کورٹ لے جانے کا مطالبہ کیا۔