دمشق: (دنیا نیوز) جنگ زدہ ملک شام میں ایک بڑے ٹریفک حادثے میں کم از کم 32 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر دو بسوں سے ٹکرانے کے بعد کئی دوسری موٹر گاڑیوں کو روندتا چلا گیا۔ حادثے کی وجہ تیل سے بھرے ٹینکر کی بریکوں کا فیل ہونا بتایا گیا ہے۔
جن کاروں کو اس ٹینکر نے روند ڈالا، ان کی تعداد 15 ہے۔ شامی وزارت داخلہ کے مطابق 77 افراد زخمی ہیں اور ان میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
اس باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عراقی زائرین تھے۔ دمشق شہر کے نواح میں حادثہ اس سڑک پر ہوا جو دارالحکومت کو حمص سے ملاتی ہے۔