امریکی فوج کا افغانستان سے انخلا شروع، طالبان قیدیوں کی رہائی بھی جاری

Last Updated On 10 March,2020 09:44 am

کابل: (دنیا نیوز) امریکا نے افغانستان سے اپنے فوجیوں کے انخلا کا آغاز کر دیا جس کے بعد بگرام ائیر بیس پر طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کا عمل بھی شروع ہو گیا۔

امریکا نے افغانستان سے فوجیوں کے انخلا کے آغاز کی تصدیق کر دی ہے، طالبان قیدیوں کو بھی بگرام ایئربیس سے رہا کیا جا رہا ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ طالبان قیدیوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس سے بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔ زلمے نے مزید کہا کہ اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کےدرمیان صلح کی کوشش جاری رکھیں گے۔

امریکہ نے معاہدے کے تحت 135 دن کے اندر افغانستان میں اپنی فوج کو 12 ہزار سے کم کر کے 8600 کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ افغان طالبان سے معاہدہ کی توثیق کے لیے امریکا نے اقوام متحدہ کو درخواست دے دی جس پر سکیورٹی کونسل میں آج ووٹنگ کا مطالبہ ہو گا۔