ریلوے ٹریک پر جرمن وزیر کی لاش، پولیس کو خود کشی کرنے کا شبہ

Last Updated On 29 March,2020 07:36 pm

برلن: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) جرمن میڈیا کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران کے خوف سے خود کشی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تھوماس شیفر ریاست میں پیدا ہونے والے معاشی بحران کی وجہ سے شدید پریشان تھے۔ ان کی لاش ریل کی پٹڑی پر ملی۔ 54 سالہ تھوماس شیفر کا تعلق انگیلا مرکل کی جماعت سی ڈی یو سے تھا۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق تھوماس شیفر کی لاش ٹرین کی پٹری پر ملنے کے بعد پولیس کو شبہ ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے۔ شیفر ریاست ہیسے کے وزیر مالیات تھے۔ اسی ریاست میں جرمنی کا اقتصادی مرکز فرینکفرٹ بھی واقع ہے۔

تفتیش کاروں نے بعد ازاں تصدیق کر دی کہ ہلاک ہونے والے شخص ریاستی وزیر مالیات تھوماس شیفر ہیں اور یہ بظاہر خود کشی کا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔ تاہم پولیس نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ریاستی میڈیا کے مطابق 54 سالہ شیفر حالیہ دنوں میں باقاعدگی سے ٹیلی وژن پر دکھائی دے رہے تھے۔ مثال کے طور پر گزشتہ دنوں کے دوران انہیں ایسے کئی پروگرامز میں دیکھا گیا، جن میں انہوں نے عوام کو کورونا وائرس کے اس بحران کے دوران حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے امدادی پیکج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

تھوماس شیفر کا تعلق چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین  سی ڈی یو‘ سے تھا۔ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے ریاستی سطح پر کی جانے والی سیاست میں متحرک تھے اور تقریباﹰ دس برسوں سے صوبائی وزیر مالیات تھے۔
 

Advertisement