بل گیٹس کا کورونا وائرس کی ویکسین پر اربوں ڈالر خرچ کرنے کا اعلان

Last Updated On 04 April,2020 10:46 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے باعث ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے دنیا بھر کے بڑے ممالک تگ و دو میں مصروف ہیں، تاہم دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اس بیماری کو روکنے کے لیے اربوں ڈا لرز خرچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کورونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔

ٹی وی شو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ان کا فلاحی ادارہ گیٹس فائونڈیشن کورونا وائرس کی وبا کے خلاف لڑنے کے حوالے سے حکومتوں سے زیادہ تیز کام کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیونکہ ہمارا ادارہ وبائی امراض کے حوالے سے مہارت رکھتا ہے، ہم نے وبا کے بارے میں سوچ رکھا تھا، ہم کچھ امور جیسے ویکسین کی تیاری کے حوالے سے زیادہ تیار ہیں، ہماری سرمایہ کاری تیاری کے عمل کی رفتار کو تیز کرسکتی ہے۔

بل گیٹس نے کہا کہ تیاری کے مراحل سے گزرنے والی متعدد ویکسینز میں سے 7 بہترین کا انتخاب اور ان کی تیاری کے لیے فیکٹریاں تعمیر کی جائیں گی۔

مائیکرو سافٹ کے بانی کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم آخر میں ان میں سے 2 کا ہی انتخاب کریں گے، مگر ہم تمام ویکسینز کے لیے الگ الگ فیکٹریوں کی تعمیر پر سرمایہ لگائیں گے، ہوسکتا ہے کہ اربوں ڈالرز ضائع ہوجائیں مگر آخر میں موثر ترین ویکسین کی فیکٹری کے لیے وقت ضرور بچ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی تیاری اور فیکٹری کی بیک وقت تعمیر کرنا، ویکسین کو تیزی سے تیار کرنے کے لیے ضروری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں واشنگٹن پوسٹ کے لیے مضمون میں انہوں نے کہا تھا کہ ویکسین کی تیاری میں 18 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے اور اس وقت بہتر نظر آنے والی کچھ ویکسینز کے لیے منفرد آلات درکار ہیں۔

بل گیٹس نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ ارب ڈالرز ہم فیکٹریوں کی تعمیر پر ضائع کردیں اور آخر میں کسی اور بہتر ویکسین کا انتخاب کرلیا جائے، مگر موجودہ صورتحال میں چند ارب ڈالرز، ان کھربوں ڈالرز سے بہتر ہیں جو معاشی نقصان کی نذر ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کئی ماہ ضائع ہونے سے بچالیں گے کیونکہ اس وقت ہر مہینہ قیمتی ہے۔

بل گیٹس نے امریکی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ہر ریاست میں سخت لاک ڈائون کو یقینی بنائے۔

ان کے خیال میں امریکا بھر میں مزید 10 ہفتے کا سخت لاک ڈائون موجودہ بحران پر موثر طریقے سے قابو پانے میں مدد دے سکے گا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاکتیں 50 ہزار سے زائد ہوچکی ہیں۔
 

Advertisement