کینیڈا: پولیس وردی میں ملبوس شخص کی فائرنگ، خاتون پولیس اہلکار سمیت 16 ہلاک

Last Updated On 20 April,2020 11:06 am

ٹورنٹو: (دنیا نیوز) پُرامن کینیڈا میں فائرنگ کا تیس سال کا سب سے بڑا واقعہ پیش آیا، مسلح شخص نے گولیاں برسا دیں، خاتون پولیس اہلکار سمیت 16افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس وردی میں ملبوس ملزم بھی جوابی کارروائی میں مارا گیا، فائرنگ کا تبادلہ 12 گھنٹے تک جاری رہا۔

کینیڈا میں فائرنگ کا بڑا واقعہ، صوبے نوا اسکوشیا میں ہونے والے اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون پولیس اہلکار  کانسٹیبل ہیڈی سٹیون سن  بھی شامل ہے جبکہ ایک پولیس افسر زخمی بھی ہوا۔

واقعہ ایک قصبے میں پیش آیا جہاں ایک مکان کے باہر اور اندر لاشیں پڑی ملیں۔ دوسرے مقامات سے بھی لاشیں ملی ہیں۔ علاقے میں بہت سے مکانوں کو نذر آتش بھی کیا گیا ہے۔ پولیس وردی میں ملبوس ملزم بھی جوابی کارروائی میں مارا گیا جس کی شناخت گبریئل وورٹمین کے نام سے ہوئی ہے، فائرنگ کا تبادلہ 12گھنٹے تک جاری رہا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملک کی تاریخ میں مہلک ترین حملہ تھا، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو مشکل وقت سے نکلنے میں ان کی مدد کریں گے۔ کینیڈا میں ہینڈگن یا تیزی سے فائرنگ کرنے والے ہتھیار رکھنے پر پابندی ہے۔