نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا سے 2 لاکھ 11 ہزار 609 افراد ہلاک ہو گئے، متاثرہ افراد کی تعداد 30 لاکھ 64 ہزار سے زائد ہے، اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ڈیڑھ سو سے زیادہ ڈاکٹرز ہلاک ہو چکے ہیں، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا ابھی خاتمے سے بہت دور ہے۔
دنیا بھر میں کورونا سے قیامت خیز صورتحال، ہلاکتیں 2 لاکھ 10ہزار سے زائد، متاثرین 30 لاکھ سے تجاوز کر گئے۔ امریکا میں ایک روز میں مزید ایک ہزار 384 افراد ہلاک ہو گئے، ملک میں اموات کی تعداد 56 ہزار797 ہو گئی۔
امریکا میں 10 لاکھ سے زائد افراد کورونا کا شکار ہو چکےہیں۔ نیو یارک کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے جہاں وائرس سے متاثرہ روزانہ 1000 نئے مریض سامنے آرہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے چین کے کورونا وائرس کے خلاف ابتدائی ردِعمل پر انتہائی سنجیدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
کورونا وائرس سے یورپی ممالک میں اسپین کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ڈیڑھ سو سے زیادہ ڈاکٹرز ہلاک ہو چکے ہیں۔
فرانس میں کورونا سے 23 ہزار سے زائد، جرمنی میں چھ ہزار، برطانیہ میں اکیس ہزار، ایران میں پانچ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے قریب نہیں ہے۔ انہوں نے اس کے باعث بچوں کو ملنے والی صحت کی سہولیات میں خلل پیدا ہونے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔