جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ایجنسی کی سربراہ مشعل بیچلیٹ نے انتباہ کیا ہے کہ شام میں عسکریت پسند گروپ اپنی صف بندیاں کر رہے ہیں۔
مشعل بیچلیٹ کا کہنا تھا کہ وہ عالمی وبا کورونا وائرس پر بین الاقوامی توجہ مرکوز دیکھ کر موقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ یہ گروپس ایک ٹائم بم کی طرح ہیں جو کسی بھی وقت پھٹ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں نشانہ بنا کر لوگوں کو ہلاک کیا جا رہا ہے اور ان میں سے بیشتر علاقوں کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ داعش جیسے گروپ جنہیں شکست ہو گئی تھی، اب دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں۔
ہائی کمشنر بیچلیٹ کا کہنا ہے کہ شام ایک بار پھر خونریز جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے اور اگر موجودہ خلاف ورزیوں کو لگام نہ دی گئی تو ایک بار پھر پر تشدد کارروائیاں پورے ملک میں پھیل جائیں گی۔