امریکا میں کورونا سے مزید ایک ہزار 8 افراد ہلاک، ٹرمپ صحافی سے الجھ پڑے

Last Updated On 12 May,2020 09:13 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) مجھ سے نہیں چین سے پو چھیں، صدر ٹرمپ ایشیائی امریکی صحافی سے الجھ پڑے اور اچانک پریس بریفنگ چھوڑ کر چلے گئے، امریکا میں مزید ایک ہزار 8 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد تعداد 81 ہزار 795 ہو گئی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں صحافی سے الجھ پڑے، صحافی نے سوال اٹھایا کہ امریکہ میں روزانہ سیکڑوں لوگ مر رہے ہیں تو آپ زیادہ ٹیسٹ کرانے کو اپنی جیت کیسے اور کیونکر قرار دے سکتے ہیں؟ یہ آپ کے لیے عالمی مقابلہ کیوں ہے؟

ٹرمپ نے جواب دینے کی بجائے کورونا کا ملبہ ایک مرتبہ پھر چین پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ لوگ دنیا بھر میں مر رہے ہیں اور شائد یہ
یہ سوال آپ جا کر چین سے پوچھیں۔

صحافی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات خاص طور پر مجھے ہی کیوں کہہ رہے ہیں؟ جس پر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ جو بھی ایسا برا سوال کرے، میں اسے کہہ رہا ہوں۔

صحافی نے کہا کہ سر یہ برا سوال نہیں ہے۔ بعد ازاں صدر ٹرمپ زیادہ ٹیسٹنگ کو کامیابی قرار دیتے رہے اور اس کے بعد اچانک پریس بریفنگ چھوڑ کر چلے گئے۔