تہران: (دنیا نیوز) امریکا نے دھمکی دی ہے کہ اگر سلامتی کونسل نے ایران پر ہتھیاروں کی خریدو فروخت سے متعلق پابندی میں توسیع نہیں کی تو واشنگٹن تہران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ لگا دے گا، ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی بیان کو احمقانہ قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران ایٹمی ڈیل سے متعلق واشنگٹن اور تہران میں ٹھن گئی، امریکی نمائندہ خصوصی برائے ایران برائن ہک نے دھمکی دی کہ اگر سلامتی کونسل نے ایران پر ہتھیاروں کی خریدو فروخت سے متعلق پابندیوں میں توسیع نہیں کی تو واشنگٹن تہران پر اقوام متحدہ کی تمام پابندیاں دوبارہ عائد کروادے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی بیان کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کورونا ختم کرنے کے لئے جراثیم کش کیمیکل پینے کا مشورہ دیتے ہیں، ان سے ایسے ہی بیان کی توقع ہے۔ ایران نے جوہری معاہدے سے متعلق تمام ذمہ داریوں پر عمل کیا ہے، واشنگٹن کو عنقریب احساس ہوگا کہ جوہری معاہدے سے علیحدہ ہوکر اپنا ہی نقصان کیا ہے۔
واضح رہے کہ 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے کے تحت رواں سال اکتوبر میں ایران پر سلامتی کونسل کی ہتھیاروں سے متعلق پابندیاں ختم ہوجائیں گی، امریکا نے 2018 میں جوہری معاہدے سے یکطرفہ علیحدگی اختیارکرلی تھی۔