تہران: (ویب ڈیسک) ایران کا کہنا ہے کہ وینزویلا کو تیل کی سپلائی میں رکاوٹ کا ذمہ دار امریکا ہو گا۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو لکھے گئے خط میں وینزویلا کو تیل سپلائی میں ممکنہ رکاوٹ ڈالنے کی امریکی کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔
جواد ظریف کا کہنا ہے کہ کیریبین میں امریکی بحریہ کی تعیناتی ایرانی تیل کی وینزویلا کو ترسیل میں مداخلت کے لیے کی گئی ہے، اس طرح کا کوئی بھی اقدام غیر قانونی اور لوٹ مار کی قسم سے تعبیر ہو گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے 4 جہازوں کی ایران کے ٹینکروں سے ممکنہ تصادم کے لیے موجودگی کی اطلاعات ہیں، کسی بھی غیر قانونی اقدام کے نتائج کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔
دوسری جانب وینزویلامیں امریکی مندوب کا کہنا ہے کہ وینزویلا اپنے تیل کے شعبے کی بحالی کے لیے ایران کو سونے میں ادائیگی کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا نے ایران اور وینزویلا کی تیل برآمدات کے خلاف پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔